Listed Price: Rs. 280, US $ 23
Our Price: Rs. 170
Shipment charges will be applied.

How to ORDER?

 

Pages: 216

Year: 2012

Binding: Hard

Size: 23"x36"/16

ISBN: 978-969-9400-28-5

Publisher: Al-Fath Publications

اطرافِ تحقیق

ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد

Atraaf e Tehqeak, Dr. Arshad Mahmood Nashad

تحقیق کا سفر صبر طلب، ہمت آزما اور دشوار گزار ہے۔ ظن وتخمیں اور شک وشُبے کی چاردیواری میں رہتے ہوئے حقائق کی بازیافت کوئی آسان کام نہیں۔کبھی کبھی ظن وتخمیں تو ایک طرف مشامِ تیز سے بھی آہوئے تاتار کا سراغ لگانا مشکل بل کہ ناممکن ہو جاتا ہے اور یوں تحقیق کی دشوار گزار گھاٹیوں کو عبور کر کے بھی منزل نگاہوں سے اوجھل رہتی ہے۔اُردو کے معروف محقق اور مایہ ناز تدوین کار رشید حسن خاںنے ایک جگہ لکھا ہے کہ: تحقیق شرک کو گوارا نہیں کرتی۔ زمانۂ حال کی تیز روی اور مسائلِ حیات کی نو بہ نو الجھنیں توحیدِ تحقیق کے تصور کو کہاں قائم رہنے دیتی ہیں۔فرصتِ کاروبارِ شوق، زندگی کے ہمہ رنگ مسائل اور کاروبارِ حیات کے متنوع معاملات میں دب کر رہ جاتا ہے،وسائل اور لوازمے کی عدم دست یابی،کم فرصتی اور فہم کی نارسائی بھی اس سفر کو کھوٹا کرنے میں اپنا حصّہ ڈالتے ہیں۔بہ ایں ہمہ اُردو کا میدانِ تحقیق خالی نہیں۔ اس میں ایسے ایسے شہ سوار اُترتے رہے ہیں جن کے کارناموں کے باعث بازارِ تحقیق کی گرمی کا احساس سلامت ہے۔

اطرافِ تحقیق میں شامل مضامین اور تبصروں کے متعلق کُچھ عرض کرنا مناسب نہیں۔یہ بغیر کسی ادعا کے پیشِ خدمت ہیں۔یہ مضامین پچھلے پندرہ بیس برسوں کے دوران میں لکھے گئے اور علمی وادبی اور تحقیقی جرائد میں اشاعت پذیر بھی ہوئے۔ مجھے اپنی نارسائی، کم فرصتی اور بے بضاعتی کا مکمل اعتراف ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ میں راہِ تحقیق کا مسافر نہیں۔میرا ادبی سفر شعر و شاعری کے رنگیں اور حیرت آگیں منظروں سے عبارت ہے اور ظاہر ہے کہ شعر گوئی کے میدان میں میری معمولی مشق وممارست تحقیق اور تدوین کے لیے کسی طرح کارآمد نہیں۔تاہم یہ مضامین میرے جذب وشوق کے غماز اور میری تلاش وجستجو کے نقیب ہیں۔ یہ عجلت یا رواروی میں نہیں لکھے گئے بل کہ غور وفکر اور محنت کا نتیجہ ہیں۔ابتدامیں میری تلاش وجستجو کا دائرہ اپنے علاقے تک محدود تھا اور خاکِ کیمبل پور میں مدفون علمی آثاراور ادبی خزائن کی تلاش ودریافت ہی میرا مطمحِ نظر تھا مگر رفتہ رفتہ یہ دائرہ وسعت آشنا ہوتا رہا۔موضوعات کا یہ تنوع زیرِ نظر مجموعے میں بھی دکھائی دے گا۔اہلِ علم اور اربابِ تحقیق کی حوصلہ افزائی ہمیشہ میرے لیے تحریک کا باعث رہی ہے۔

یہ مضامین اور تبصرے کبھی کتابی صورت میں جلوہ گر نہ ہوتے اگر برادرِ عزیز سیّد نصرت بخاری اور عزیزِ مکرم ملک توقیر احمد اِن کی اشاعت کا مسلسل تقاضا نہ کرتے۔سو ،ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔معروف محقق ڈاکٹر گوہر نوشاہی صاحب کا ممنونِ احسان ہوں کہ انھوں نے مجھ ہیچ میزر کے ان مضامین اور تبصروں کے بارے میں اپنے گراں قدر تأثرات سے نوازا۔ اپنے بیٹے فہد حسن کا شکریہ ادا کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں جومختلف طرح سے مجھے آسانیاں فراہم کرتا ہے۔ 

ارشد محمود ناشاد

 
 

 


Table of Contents | فہرست

Table of Contents is in PDF Format.
 

 


Index | اشاریہ

Index is in PDF Format.

Related Titles